اسلام آباد: اٹلی میں تعینات پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں اموات کی تعداد 63 ہو گئی ہے، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے 16 کو بچا لیا گیا ہے اور 4 لا پتا ہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ لا پتا پاکستانیوں کی معلومات جلد مل جائیں گی، کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کے ایک سینئر اہل کار نے ملاقات کی ہے، ان کی حالت بہتر ہے۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ اطالوی حکام سے 4 لا پتا پاکستانیوں سے متعلق قریبی رابطے میں ہے۔
اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت
خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، جن میں 40 پاکستانی شامل تھے، اور ملنے والی جن لاشوں کی شناخت ہوئی تھی ان میں 28 پاکستانی بھی تھے۔
رپورٹس کے مطابق ترکی سے روانہ ہوئی کشتی میں 200 افراد سوار تھے، کشتی اس وقت تباہ ہوئی جب اس نے اٹلی کے جنوبی علاقے کروٹون میں لنگر انداز ہونے کی کوشش کی۔