شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے نئے ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ کا موشن ٹیزر جاری کرتے ہوئے ٹی وی انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔
جان جہاں کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے۔
اداکار کے نئے ڈرامہ سیریل کی پروڈیوسرز ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز ہیں جبکہ اسے نیکسٹ لیول انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے نشر کیا جائے گا۔
حمزہ علی عباسی نے انسٹاگرم پوسٹ میں لکھا کہ ’آپ کو نئے پروجیکٹ ‘جانِ جہاں‘ سے متعلق بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے، تاہم انہوں نے ڈرامے کی دیگر کاسٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا لیکن ڈرامے کو مداح رواں سال ہی ٹی وی اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔
انہوں نے پوسٹ میں اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کو شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی نے اگست 2020 میں شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اداکار کی تقریباً چار سال بعد شوبز انڈسٹری میں واپسی ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ قاسم علی مرید اس سے قبل ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘، ’پریم گلی‘، اور فلم ’ٹچ بٹن‘ کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
حمزہ علی عباسی نے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ میں عائزہ خان کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا جبکہ وہ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ اور ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔