ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

مسافروں کو دنیا کا انوکھا نظارہ دکھانے کے لیے پائلٹ نے جہاز موڑ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

آئس لینڈ اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے ایک طیارے کے مسافر اس وقت زمین کا انوکھا اور خوبصورت ترین منظر دیکھنے میں کامیاب رہے جب پائلٹ نے تمام مسافروں کے لیے جہاز کو مکمل طور پر گھما دیا۔

برطانوی ایئر لائن ایزی جیٹ کے ایک پائلٹ نے مسافروں کو ناردرن لائٹس کا مسحور کن نظارہ کروانے کے لیے جہاز کو مکمل طور پر 360 ڈگری کے زاویے پر گھما دیا۔

یہ جہاز آئس لینڈ سے مانچسٹر جا رہا تھا جب برطانیہ کا آسمان اس خوبصورت منظر سے بھر گیا جسے ناردرن لائٹس کہا جاتا ہے۔

ناردرن لائٹس، قدرت کا شاندار لائٹ شو ہے جسے ارورہ بوریلیس بھی کہا جاتا ہے، یہ نظارہ اس وقت ہوتا ہے جب سورج کی سطح پر ہونے والے دھماکے، جنھیں سولر فلیئرز کہتے ہیں، زمین کی فضا میں موجود گیسوں سے ٹکرا کر سرخ، سبز اور جامنی رنگ کے چمکتے ہوئے بینڈ بناتے ہیں۔

اس جہاز میں چیشائر سے تعلق رکھنے والے مسافر ایڈم گروز نے بتایا کہ یہ ناقابل یقین نظارہ ان کے چار راتوں والے سیاحتی دورے سے بڑھ کر محسور کن تھا۔

گروز کا کہنا ہے کہ جب ان کے جہاز نے ریکجاوک سے اڑان بھری، وہ اور ان کی منگیتر جیسمین ماپ جہاز کے دائیں جانب بیٹھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پائلٹ اتنے مہربان نہ ہوتے تو شاید وہ کبھی بھی یہ لائٹس نہیں دیکھ پاتے۔

جہاز کے کپتان نے منظر کو اچھی طرح دکھانے کے لیے کیبن کی لائٹس کو مدھم کر دیا۔

دراصل ہوا یوں تھا کہ جب طیارہ روشنیوں بھرے آسمان پر اڑ رہا تھا تب اس نظارے کو صرف ایک طرف بیٹھے افراد ہی دیکھ سکتے تھے، پائلٹ نے دوسری طرف بیٹھے افراد کو بھی یہ منظر دکھانے کے لیے جہاز کو گھما دیا۔

ایزی جیٹ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ کپتان کنٹرولڈ طریقے سے جہاز گھمانے میں کامیاب رہا تاکہ مسافروں کو قدرت کے عظیم ترین مقامات میں سے ایک پر شاندار منظر دیکھنے کو مل سکے۔

ترجمان کے مطابق ہمارا عملہ ہمیشہ اپنے مسافروں کے لیے بڑھ چڑھ کر خدمات فراہم کرنا چاہتا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان کے ساتھ یہ خاص منظر شیئر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں