پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اتحادی شہباز حکومت نے رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل ہی شہریوں کو مہنگائی کا ایک اور تحفہ دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں مہنگائی پہلے ہی آسمان کی حد بھی عبور کرچکی ہے۔ غریب عوام کا دو کیا ایک وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگیا ہے۔ ایسے میں پی ڈی ایم کی اتحادی شہباز حکومت نے رمضان المبارک سے قبل شہریوں کو مہنگائی کا ایک اور تحفہ دے دیا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکیج کے تحت گھی 2 ماہ میں دوسری بار مہنگا کر دیا گیا ہے اور اس بار انتہائی بڑا اضافہ کرتے ہوئے فی کلو قیمت 115 روپے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد سبسڈی والے گھی کی قیمت 375 روپے سے بڑھ کر 490 روپے ہوگئی ہے۔
اس سے قبل رواں سال کے آغاز پر حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے یکم جنوری 2023 کو گھی کی قیمت میں فی کلو 75 روپے اضافہ کیا تھا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بی آئی ایس پی کے مستحقین گھی کی قیمتوں میں اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے اور ان کے لیے گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز ہی رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے اور گزشتہ سال کی نسبت امسال اس میں بڑی کمی کی ہے۔