بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ایک ہی لڑکی کی شادی تین دُلہوں سے کروا کر پیسے کمانے والا ملزم پولیس کی پکڑ میں آگیا۔
ملزم شیوا کمار نے سادہ لوح افراد کو لوٹنے کیلیے ایک لڑکی کو ساتھ ملا کر منصوبہ بنایا۔ دو نے ایسے افراد کو نشانہ بنایا جو پہلی بیوی کی موت یا طلاق کے بعد دوسری شادی کے خواب دیکھ رہے تھے۔
شیوا کمار نے لڑکی کی پہلی شادی لکشمن نامی نوجوان سے کروائی اور کچھ دنوں بعد دلہن کو غائب کروا دیا۔ لکشمن نے اہلیہ کو ہر جگہ ڈھونڈنے کے بعد جب شیوا سے رابطہ کیا تو اس نے یقین دلایا کہ 6 دن میں وہ واپس آ جائے گی۔
ملزم لکشمن سے قبل لڑکی کی شادی دو نوجوانوں سے کروا چکا تھا اور اب چوتھی شادی کی تیاری کر رہا تھا۔
شیوا جب لڑکی کی چوتھی شادی کروانے کیلیے ایک گاؤں میں پہنچا تو لکشمن کو اس کا علم ہوگیا۔ اس نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے لڑکی کی تلاش شروع کر دی۔