اشتہار

عمران خان سے بات ہی نہیں کرنی، آصف زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

وہاڑی : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس سے بات چیت نہیں کرسکتے۔

آصف زرداری نے وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان سے بات چیت نہیں کرسکتے، سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے بات ہوسکتی ہے، عمران خان غیر سیاسی شخص ہے، سیاست میں جفاکشی کرنا پڑتی ہے اور عمران خان جفاکشی کا عادی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر مزید اقتدار میں رہ جاتا تو ملک کا ستیاناس ہوجاتا وہ ملک کے تمام ادارے فروخت کرنا چاہتا تھا لیکن ہم نے اقتدار میں آکر ملک کو بچالیا ہے، پاکستان کوئی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی نہیں جو دیوالیہ ہوجائے، جاپان، امریکہ اور دبئی دیوالیہ ہوئے لیکن انہوں نے کم بیک کیا۔

- Advertisement -

آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کسی کو گرفتار کرنا یا نہ کرنا وزرات داخلہ کا مسئلہ ہے میں ان معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اقتدار میں آنے سے قبل ہمیں ملکی حالات اور معیشت کا معلوم تھا لیکن ملک بچانا زیادہ اہم تھا۔

سابق صدر نے کہا کہ کوئی بھی سیاست دان جب تک جیل نہ جائے سنجیدہ سیاست دان نہیں بنتا، ہم غصہ پینے کے عادی ہیں،67 سال سے تکالیف برداشت کر رہے ہیں، عمران خان عدالتوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈرتا ہے جبکہ سیاست دان نہ عدالتوں سے گھبراتا ہے نہ ہی جیلوں سے۔

پی ڈی ایم اور مردم شماری کے حوالے سے کیے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی اس کا حصہ نہیں ہے، ڈیجیٹل مردم شماری پر سندھ کو شدید تحفظات ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ راجن پور کا الیکشن پی ٹی آئی نے مقبولیت کی بنیاد پرنہیں جیتا بلکہ مہنگائی کے اثرات ہیں لیکن ہماری حکومت کے دور میں مہنگائی نہیں تھی، ہمارے دور حکومت میں ملازمین، پنشنر اور ججز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بلاول جوان اور جذباتی انسان ہے آکسفورڈ کا پڑھا ہوا ہے اس لیے سیلاب کے فنڈز نہ ملنے پر وزارت سے علیحدگی کی وارننگ دی، اسے غصہ زیادہ آتا ہے، وہ چاہتا ہے کہ جو وعدے عوام سے کیے گئے ہیں وہ پورے کیے جائیں۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ اگر میں معیشت سنبھال لیتا ہوں تو پنجاب سمیت پورے ملک میں پیپلزپارٹی دوبارہ آسکتی ہے، آئندہ انتخابات میں وہاڑی سے الیکشن میں حصہ لوں گا، پیپلزپارٹی انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والے کارکنوں کی قدر کرتی ہے، یوسف رضا گیلانی نے جیل کاٹی اس لیے ان کو وزیر اعظم بنایا، پوری قوم کی طرح عدلیہ کو بھی درست کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں