لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ایک ذہنی معذور شخص کی لاش پر سیاست کی جارہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظل شاہ کو سڑکوں پر لے کر کیوں گھومتے رہے حادثے کے فوری بعد ایمبولینس کیوں نہ بلائی؟
انہوں نے کہا کہ جب ظل شاہ کی ڈیتھ ہوگئی تو اسپتال لے گئے اور حلیہ بدل لیا۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ کہا گیا عمران خان اور رہنماؤں کو اس بات کا علم تھا؟ کیا ان کے کہنے پر ایمبولینس نہیں بلائی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وطیرہ بنالیا ہے کہ کسی کو جانی نقصان ہو تو اس پر سیاست کی جائے، ریلی کے دن پی ٹی آئی کارکن مردہ خانوں میں لاوارث لاشیں ڈھونڈ رہے تھے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کارکن کی موت گاڑی کی ٹکر سے ہوئی۔
یاد رہے کہ لاہور میں جاں بحق ہونے والے کارکن سے متعلق پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ علی بلال کی موت پولیس کے تشدد سے ہوئی۔