ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زائرین رمضان المبارک کے دوران عمرے کے لیے پرمٹ کا حصول یقینی بنائیں اور دوران عمرہ ماسک کا استعمال کریں۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے عمرہ زائرین سے اپیل کی ہے کہ مسجد الحرام میں داخلے کے دوران ماسک کا اہتمام کریں۔
ڈائریکٹر نے منگل کو مکہ مکرمہ میں عمرہ سیکیورٹی فورس کمانڈ کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ٹرانسپورٹ اور امن و سلامتی برقرار رکھنے کے سلسلے میں سیکیورٹی فورس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ امراض سے بچاؤ کے ضوابط، مسجد الحرام میں ابھی تک مؤثر ہیں، تمام زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں داخلے کے موقع پر متعدی امراض سے بچاؤ کی تدابیر کی پابندی کریں۔
ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ عمرے کے لیے زائرین توکلنا اور نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کریں، بڑی تعداد میں لوگوں کو پرمٹ مل سکتے ہیں، زائرین عمرہ پرمٹ کی پابندی کریں۔ انتظامات کو برقرار رکھنے کے لیے اس کا اہتمام ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مطاف کا پورا صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کردیا گیا ہے، حرمین شریفین انتظامیہ کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کیا جارہا ہے۔
ڈائریکٹر کے مطابق مسجد الحرام کی پہلی منزل، تیسری سعودی توسیع والی عمارت اور بیرونی صحن نمازیوں کے لیے مختص ہے، مسجد کی چھت بھی اس سال نماز کے لیے استعمال ہوگی۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طواف کے لیے چھت کا سامنے والا حصہ مختص کیا جاسکتا ہے۔