ہفتہ, فروری 1, 2025
اشتہار

’اسرائیلی وزیر اعظم نے ملک کو کھائی میں پھینک دیا‘

اشتہار

حیرت انگیز

یروشلم: اسرائیل کی اپوزیشن سیاسی اتحاد نے وزیر اعظم نیتن یاہو پر کڑی تنقید کی ہے، اتحاد کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے ملک کو کھائی میں دھکیل دیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا اور عرب نیوز کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن کے رہنما یائر لاپڈ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے گزشتہ روز وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے، انھوں نے عدالتی ترامیم کو مسترد کر دیا تھا، جس پر وہ وزیر اعظم کے عتاب کا نشانہ بن گئے۔

اپنی برطرفی کے بعد یوو گیلنٹ نے کہا کہ ریاست اسرائیل کی سلامتی میری زندگی کا مشن تھا اور ہمیشہ رہے گا، اسرائیلی نیشنل یونٹی کولیشن نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل کبھی وزیر دفاع کو سلامتی کے خطرے سے خبردار کرنے پر برطرف نہیں کیا گیا۔

اتحادی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو اسرائیل کو کھائی میں پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں، ملک کو ایک حقیقی خطرے کا سامنا ہے اور نیتن یاہو نے خود کو اسرائیل کی سلامتی کے آگے رکھ دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو ایک حقیقی آمر کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل میں لاکھوں مظاہرین اتوار کو تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئے تھے اور انھوں نے نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں