قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس روح الامین نے تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس روح الامین پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم عرصہ یعنی ایک دن قائمقام چیف جسٹس رہنے والے پہلے جج بن گئے۔
پشاور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس روح الامین آج پشاور ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوئے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے آج صبح ان سے حلف لیا۔
حلف لینے کے بعد قائمقام چیف جسٹس روح الامین نے چارج سنبھالا اور بطور قائمقام چیف جسٹس تین کیسز کی سماعت کی۔
عدالتی کارروائی ختم ہونے کے بعد ہائیکورٹ اسٹاف نے قائمقام چیف جسٹس روح الامین کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس کی تیاری شروع کی۔
پشاور ہائیکورٹ کا کمرہ عدالت نمبرایک کچھ ہی لمحوں میں وکلا سے کچھا کھچ بھر گیا، ہائیکورٹ کے تمام ججز صاحبان فل کورٹ ریفرنس میں شریک ہوئے۔
ایڈوکیٹ جنرل عامر جاوید، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ثنااللہ اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رحمان اللہ ایڈوکیٹ نے قائمقام چیف جسٹس جسٹس روح الامین کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
جسٹس روح الامین نے بھی تمام وکلا نے بھی اپنے اسٹاف اور فیملی کا شکریہ ادا کیا، تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بطور جج انہوں نے سائلین کو انصاف فراہمی کی بھرپور کوشش کی۔
اسی اعزاز کے ساتھ قائمقام چیف جسٹس روح الامین تقریبا بارہ سال پشاور ہائیکورٹ کے جج رہنے کے بعد آج عہدے سے سبکوش ہوگئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پشاور ہائیکورٹ میں دو دن میں دو چیف جسٹس مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہوئے۔
چیف جسٹس قیصر رشید خان تیس مارچ کو جبکہ آج جسٹس روح الامین ایک دن کے لئے قائمقام چیف جسٹس تعیناتی کے بعد عہدے سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔
یکم اپریل سے سینئر ترین جج جسٹس مسرت ہلالی پشاور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون قائمقام چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گی۔
جسٹس روح الامین
جسٹس روح الامین یکم اپریل 1961 کو پشاور کے علاقے چمکنی میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم سرکاری اسکول سے حاصل کی، انیس سو چھہتر ستتر میں گورنمنٹ سیکنڈری اسکول چمکنی سے سیکنڈری تعلیم حاصل کرنے کے بعد انیس سو اکیاسی بیاسی میں گورنمنٹ کالج پشاور سے گریجویشن مکمل کی۔
انیس سو پچاسی میں خیبر لاء کالج پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انیس سو چھیاسی میں وکالت کا شعبہ اختیار کیا، انیس سو نواسی میں پشاور ہائیکورٹ کی وکالت کا لائسنس حاصل کیا اور دو ہزار ایک میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل بنے۔
جولائی دو ہزار بارہ میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج تعینات ہوئے اور مارچ دو ہزار چودہ میں ہائیکورٹ کے مستقل جج بن گئے۔
جسٹس روح الامین کن عہدوں پر تعینات رہے؟
جسٹس روح الامین اپنے پروفیشنل لائف میں مختلف عہدوں پر تعینات رہے وہ ڈپٹی اٹارنی جنرل آف پاکستان بھی رہے۔
بطور وکیل جسٹس روح الامین کو آئینی، سول، کرمنل، سروس اور لیبر قانون پر عبور حاصل تھا۔
وہ بار کی سیاست میں بھی سرگرم رہے انیس سو چورانوے پچانوے میں ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری بھی رہے، 2003 سے 2006 تک سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ایگزیگٹیو کمیٹی کے رکن رہے۔