اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بہتر ہوتا لاڈلے کو شیروانی پہنا کر وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھا دیتے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے الیکشن سے متعلق عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اکثریتی ججز کے مسترد مقدمے میں فیصلہ غیر آئینی ہے، آئین پر انا کا حاوی ہونا ملک کے لیے مہلک ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ناقابل عمل حکم سے سیاسی و آئینی بحران مزید گہرا ہوگا، یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے ججز کی اکثریت کے فیصلوں کے متصادم ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کے غیرآئینی فیصلے سے عوام خمیازہ بھگت رہے ہیں جب سازش بے نقاب ہوتی ہے تو دیر ہوچکی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 سال بعد پھر سہولت کاری قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے معمولی تبدیلی کے ساتھ انتخابی شیڈول بحال کر دیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات ہوں گے، کاغذات نامزدگی 10 اپریل تک جمع کرائے جائیں، حتمی فہرست 19 اپریل تک جاری کی جائے گی اور انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔