اسلام آباد: پنجاب میں الیکشن کے لیے وفاقی کابینہ الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہ کر سکی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے یا نہ کرنے کے حتمی فیصلے کے لیے مشاورت کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق ارکان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2 فیصلے موجود ہیں، کابینہ کس پر عمل کرے اور کس پر نہ کرے، بعض ارکان کا مشورہ تھا آدھے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ سپریم کورٹ کی حکم عدولی نہ ہو۔
وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ پارلیمنٹ سے رائے لی جائے، پارلیمنٹ سپریم ہے جو فیصلہ کرے، کابینہ کا کہنا تھا کہ 3-4 کا فیصلہ ہے تین دو کو کیسے تسلیم کر لیا جائے، کابینہ نے پارلیمنٹ کی بالادستی قائم رکھنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں کل کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں عدالتی اصلاحات بل پر بھی مشاورت کی گئی، فیصلہ کیا گیا کہ ارکان اپنی اپنی پارلیمانی پارٹی کے کل مشترکہ اجلاس میں زیادہ ارکان کی شرکت یقینی بنائیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے پر زور دیا گیا۔