ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے اہلیہ افشاں فاروق سے پہلی ملاقات کی دلچسپ کہانی بیان کردی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’شان سحور‘ میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے اہلیہ افشاں فاروق کے ہمراہ شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
ندا یاسر نے پوچھا کہ ’اہلیہ کو پہلی بار کہاں دیکھا تھا؟
فاروق ستار نے کہا کہ ’افشاں کو پہلی بار سندھ میڈیکل کالج میں دیکھا تھا ان کے نانا میرے پرنسپل تھے، یہ وہاں مجھ سے ملیں انہیں پرنسپل کے آفس جانا تھا اور راستہ معلوم نہیں تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے ان سے کہا کہ میں آپ کو پرنسپل کے آفس تک چھوڑ دیتا ہوں جبکہ افشاں کے نانا جی کا سب سے ہونہار طالب علم بھی میں ہی تھا اور مجھ پر ہی فرض بنتا تھا کہ ان کی نواسی کو آفس تک چھوڑ کر آؤں۔‘
فاروق ستار نے کہا کہ ’راستہ لمبا تھا تو میں نے ان سے اس دوران ایڈریس اور فون نمبر مانگا جو افشاں نے غلط دیا تھا۔‘
افشاں فاروق نے بتایا کہ ’میں ان سے پہلی بار ملی تھی اور یہ گھر کا پتا اور فون نمبر مانگ رہے تھے تو میں نے غلط ہی دے دیا۔‘
فاروق ستار نے کہا کہ ’میں نے ان کی امی کو بھی تھوڑا بہت ’پٹا‘ لیا تھا اور وہ دوسری بار آئیں تو انہیں بن کباب کھلایا، کسی ڈاکٹر کو دکھانا تھا وہاں تک لے کر گیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے بعد دو تین سال تک افشاں سے بھی ملاقات نہیں ہوئی اور ان کی امی بھی کالج نہیں آئیں لیکن آپ کسی چیز میں جدوجہد کریں تو کامیابی مل ہی جاتی ہے اور یہ پھر مجھے مل گئیں۔