جمعہ, جنوری 10, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم نے اپنے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفے لے لیے

اشتہار

حیرت انگیز

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اپنے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفے لے لیے ہیں یہ استعفے کب پیش کیے جائیں گے اس پر فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفے لے لیے گئے ہیں تاہم یہ استعفے کب پیش کیے جائیں گے اس کا فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کو نہیں مانا جائے گا کیونکہ اس میں 25 لاکھ گھرانوں کو غائب کیا گیا ہے۔ پہلے فیز میں اراکین قومی اسمبلی سے استعفے لیے گئے ہیں جب کہ اگلے مرحلے میں اراکین سندھ اسمبلی سے بھی استعفے لیے جائیں گے۔

- Advertisement -

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین نے موقف اختیار کیا کہ مردم شماری کے حوالے سے تمام فورمز پر آواز اٹھائی ہے۔ اب تمام آپشنز استعمال کرنے اور سخت موقف لینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔ مردم شماری ہماری ریڈ لائن ہے اور اس معاملے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اراکین رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ریڈ لائن کراس ہوئی تو اپنے فیصلے لینے میں آزاد ہیں اور مردم شماری پر جو بھی فیصلہ لینا پڑا لیں گے۔ رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد اراکین پارلیمنٹ اور وفاقی وزرا وسینیٹرز کا اجلاس ہوگا۔

اجلاس میں اراکین رابطہ کمیٹی نے مردم شماری کے معاملے پر وزیراعظم اور وزرا سے ملاقاتوں اور نتائج پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ اراکین رابطہ کمیٹی نے اس معاملے پر وفاقی حکومت سے سخت احتجاج کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں