کراچی: آج سات محرم الحرام ہے اور آج کا دن امام حسن کے فرزند حضرت قاسم سے منسوب ہے۔
امام حسن مجتبي کے بیٹے قاسم ابن الحسن جب میدان کربلا میں اترے تو ہاشمی جوان نے اپنے بابا اوردادا کے شجاعت کے جوہر دکھائے۔ یہ کربلا کے وہ شہید تھے جن کا لاشہ بے دردی سے یزیدی لشکر کے گھوڑوں سے پامال کرایا گیا۔
تاریخ کے مطابق سات محرم والحرم سے آل رسول اور اصحاب حسین پرابن زیاد کے لشکر نے پانی بند کردیا تھا۔
ملک بھر میں برپا ہونے والی مجالس عزا میں علما و ذاکرین شہادت حضرت قاسم کا ذکر کررہے ہیں وہیں ان کے قربانی سے منسوب مہندی ، تعزیئے اور جلوس بھی نکالے جارہے ہیں۔
ساتویں محرم الحرام کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے اندرون سندھ اور پنجاب کے شہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ سندھ بھرمیں دس ہزار رینجرز، پچہتر ہزار پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔اندرون سندھ اور پنجاب کے چھوٹے شہروں سے نکلنے والے جلوسوں کے راستے مکمل سیل کردئیے گئے ۔خیرپور میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے پولیس نے فلیگ مارچ کیا اورچشتیاں میں پولیس کے دستے شہر بھرمیں موٹرسائیکل پر گشت کرتے رہے۔
محرم الحرام کے دوارن امن و امان اوربھائی چارے کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی ادارے عزادار حسین کی سیکورٹی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ لاڑکانہ میں کسی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی مزید سخت کردی گئی۔جبکہ سکھر سمیت بیشتر شہروں میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اور سیکورٹی اداروں کا گشت جاری ہے