اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر کے رہائشگا پر اینٹی کرپشن حکام کے چھاپے پر فواد چوہدری سیخ پا ہوگئے اور اہم بیان جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات تو دوسری طرف گرفتاریاں؟ پی ٹی آئی پرویز الٰہی کےگھرچھاپےکی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اپنے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے ثابت ہوا کہ اسحق ڈار، سعد رفیق اور وزیرقانون اعظم تارڑ کی حکومت میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔
محکمہ اینٹی کرپشن ٹیم کی پولیس کے ہمراہ چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پہنچی، پرویز الہٰی کے وکیل نادر دوگل کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن ٹیم گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں پرویز الہٰی کے گھر آئی ہے، پرویز الہٰی اس کیس میں 6 مئی تک ضمانت پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور : پرویزالٰہی کے گھر پولیس دیوار پھلانگ کر داخل ہوگئی
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی گرفتاری کیلئے پولیس دیواریں پھلانگ کر ان کے گھر میں داخل ہوچکی ہے۔
پولیس اہلکاروں کی جانب سے پرویزالٰہی کے گھر کا گیٹ توڑنے کی کوشش کی گئی اور ناکامی پر اہلکار دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے۔
اسی دوران پرویزالٰہی کے گھر کے اندر سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد پولیس اہلکار پیچھے ہٹ گئے، اس موقع پر اینٹی رائٹ فورس اہلکار اور ویمن پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔