اتوار, مئی 25, 2025
اشتہار

دنیا کی سب سے قدیم زبان کون سی ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

زبان انسانوں میں رابطے کا قدیم ترین ذریعہ ہے جس نے وقت کے ساتھ ساتھ ترقی کی منازل طے کیں آج ہم بتائیں گے کہ دنیا کی قدیم ترین زبان کون سی ہے؟

دنیا وجود میں آئی تو انسانوں کو باہمی رابطوں کے لیے سب سے پہلے اشاروں کی زبان استعمال کرنا پڑی جس کے بعد چند مخصوص نشانات اور تحریرات سے رابطوں میں جدت لائی گئی ترقی کے ساتھ اشاروں کی زبان باہمی بات چیت اور رسم الخط تک جا پہنچی۔

دنیا میں اب تک سب سے اولین زبان کے بارے میں تو کوئی بات وثوق سے نہیں کی جاسکتی تاہم ماہر لسانیات نے 500 ایسی زبانوں کی فہرست ضرور مرتب کی ہے جس کو قدیم ترین کہا گیا ہے اور اسی بنیاد پر سب سے قدیم زبان کی درجہ بندی کی جاسکتی ہے۔

اگر ہم موجودہ دور میں بولی جانے والی زبانوں میں قدیم ہونے کے حوالے سے درجہ بندی کریں تو اس میں مصری سب سے قدیم زبان ہے جو 2600 قبل مسیح سے آج تک رائج ہے اس کی عمر تقریباً 4700 برس ہے۔

اس کے بعد دوسری قدیم زبان سنسکرت ہے جو 1500 قبل مسیح سے بولی جا رہی ہے اور اس کی موجودہ عمر لگ بھگ 3500 برس ہے۔ یونانی زبان کی عمر بھی 3500 سال تسلیم کی جاتی ہے جو 1450 قبل مسیح سے تاحال رائج ہے۔

چینی زبان 1250 قبل مسیح سے بولنا شروع کی گئی جس کی عمر اس وقت 3300 سال ہے جب کہ آرامی زبان 1100 قبل مسیح سے اب تک بولی جا رہی ہے اور اس کی عمر بھی 3100 سال کے لگ بھگ ہے۔

عبرانی زبان ایک ہزار قبل مسیح سے رائج ہے اور یہ زبان بھی دنیا میں تین ہزاریے یعنی تین ہزار سال مکمل کرچکی ہے۔ فارسی زبان کی عمر 2500 سال کے لگ بھگ ہے۔ یہ زبان اس وقت ایران، افغانستان، تاجکستان اور دیگر علاقوں میں کثرت سے بولی جاتی ہے۔

تامل زبان جو اس وقت ہندوستان، سری لنکا اور سنگاپور میں بولی جاتی ہے اس کے بولے جانے کا آغاز تیس قبل مسیح سے ہوا اور اس کی عمر 2300 برس کے لگ بھگ ہے۔

کورین زبان 57 قبل مسیح سے لے کر اب تک موجود ہے اور اس کی عمر 2100 سال کے لگ بھگ ہے۔ لاطینی زبان 75 قبل مسیح میں پیدا ہوئی جو پولینڈ اور ویٹیکن سٹی کی سرکاری زبان بھی ہے اس کی عمر 2100 سال بتائی جاتی ہے۔

عربی زبان سامی زبانوں میں سے ایک ہے۔ جس کی ابتدا کہیں زیادہ پرانی ہے یہ عرب دنیا کے علاوہ ترکی، ایران، چاڈ، مالی، سینیگال، اریٹیریا، ایتھوپیا اور جنوبی سوڈان میں بولی جاتی ہے۔

اگر بات کی جائے کہ اس وقت دنیا میں کتنی زبانیں بولی جاتی ہیں تو ایک غیر ملکی میگزین کے مطابق موجودہ دور میں دنیا بھر میں 6809 زبانیں بولی جاتی ہیں اور اس کے بھی کچھ دلچسپ پہلو ہیں۔

ماہرین کے مطابق دنیا میں بولی جانے والی 6809 زبانوں میں سے 90 فیصد زبانیں ایسی ہیں جن کے بولنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے کم ہے جب کہ 150 سے 200 زبانیں ایسی ہیں جن کے بولنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہے۔

اسی رپورٹ میں یہ بھی حیرت انگیز انکشاف کیا گیا ہے کہ  357 زبانیں ایسی ہیں جن کے بولنے والے 50 سے بھی کم ہیں اور 46 زبانیں ایسی بھی ہیں جس کا اس وقت بولنے والا صرف ایک شخص کرہ ارض پر ہے اور وہ بہت جلد معدوم ہو جائیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں