بھارتی قابض فورسز نے ضلع بارہ مولہ میں 2 کشمیری نوجوان شہید کردئیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع بارہ مولہ میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں شاکر مجید نجار اور حنان احمد کو ضلع کے علاقے کریری میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔
مقامی لوگوں نے کی ایم ایس کو بتایا کہ شوپیاں ضلع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو فوجیوں نے ایک فرضی مقابلے میں شہید کیا۔
مقبوضہ علاقے کے انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے نوجوانوں کے قتل کا جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں عسکریت پسند قرار دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے مقبوضہ علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد چار ہو گئی۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز ضلع کپواڑہ کے علاقے مژھل میں اسی طرح کی کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔