منگل, مارچ 18, 2025
اشتہار

ضمنی بلدیاتی الیکشن: کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کراچی کی تمام 11 یوسیز کے مکمل غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آ گئے، پیپلز پارٹی نے 7 اور جماعت اسلامی نے 4 یوسیز پر کامیابی حاصل کر لی۔ ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد اب کراچی کی 246 یونین کونسلز میں سے 240 میں الیکشن نتائج مکمل ہو گئے ہیں، جب کہ 6 کے نتائج الیکشن کمیشن نے روک رکھے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی 98 یوسیز میں کامیابی کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی، 87 یوسیز میں کامیاب جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ پی ٹی آئی نے 43 یوسیز میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے 7، جے یو آئی نے 3 یوسیز میں کامیابی حاصل کی، ایک یو سی میں ٹی ایل پی اور ایک میں آزاد امیدوار کامیاب ہوا، جن 6 یوسیز کے نتائج روکے گئے ہیں وہاں پیپلز پارٹی کامیاب قرار پائی تھی۔

گیارہ نشستوں پر ضمنی انتخاب میں نیو کراچی یوسی 4 سے پی پی امیدوار محمد عامر 2244 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہو گئے، اورنگی ٹاؤن یو سی 1 سے پی پی امیدوار محمد عامر 2935 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، یو سی 2 بہار کالونی سے پی پی امیدوار عبدالقادر 3243 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

غیر حتمی نتیجے کے مطابق کورنگی یوسی 2 سے پی پی امیدوار اسرار خان 2647 ووٹ، کیماڑی یو سی 2 بلدیہ ٹاؤن سے پی پی امیدوار عارف تنولی 3009 ووٹ، یو سی 8 مومن آباد سے پی پی امیدوار ارشد خان 2805 ووٹ، یو سی 13 نیو کراچی سے پی پی امیدوار شاہزیب مرتضیٰ کامیاب ہوئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق یو سی 6 نارتھ ناظم آباد، یو سی 2 اورنگی ٹاؤن، یو سی 8 لانڈھی ٹاؤن، اور یو سی 2 شاہ فیصل ٹاؤن سے جماعت اسلامی امیدوار کامیاب ہوئے۔

نتائج کے مطابق کراچی میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی ہے، جس کی وجہ سے میئر لانے کے لیے اتحادی ہونا ضروری ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں