لاہور: عثمان بزدار کابینہ کے رکن اور سابق رکن پنجاب اسمبلی عامر نواز چانڈیہ بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے عامر نواز چانڈیہ پر لیاقت پور کے تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ سرکاری اراضی پر قبضہ اور بھرتیوں میں رشوت لینے کےالزام کےتحت درج کیاگیا۔
مقدمے میں محکمہ مال کے پٹواری اور فرنٹ مین سمیت سات افراد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمہ متن میں کہا گیا کہ ملزمان نے محکمہ تعلیم، میونسپل کمیٹی میں مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر بھرتیاں کیں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
واضح رہے کہ اب تک چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر مختلف نوعیت کے 150 سے زائد مقدمات درج کئے جاچکے ہیں اس کے علاوہ علی امین گنڈاپور، شہباز گل سمیت کئی اہم رہنماؤں کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف ان مقدمات کو سیاسی مقدمات کا نام دیتے ہوئے اس کا ذمے دار پی ڈی ایم حکومت کو قرار دیتی ہے۔