ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس نے مسافروں کے لیے ایک اور سہولت دیتے ہوئے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس کا اجرا کردیا۔
اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے 15 مئی سے ڈیجیٹل بورڈ نگ پاس کا اجرا شروع کیا جا رہا ہے، مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس جاری کیا جا رہا ہے۔
ایئر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 3 سے سفر کرنے والے ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے بورڈنگ پاس حاصل کرسکتے ہیں۔
وہ مسافر جو آن لائن بورڈنگ کی کارروائی مکمل کرتے ہیں وہ ایپل والٹ یا گوگل والٹ کے ذریعے اپنا بورڈنگ پاس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، علاوہ ازیں امارات ایئر کی ایپ کے ذریعے بھی ڈیجیٹل بورڈنگ پاس حاصل کیا جا سکتا ہے۔
سامان کے حوالے سے ایئر لائن کی جانب سے کہا گیا کہ بیگج ٹیگ مسافروں کو ای میل یا امارات ایئر کی ایپ پرارسال کر دیے جائیں گے جن کا اندراج بکنگ کے وقت کیا گیا ہو۔
ایئر لائن کی جانب سے ڈیجیٹل سسٹم کو استعمال اور اسے عام کرنے کا مقصد مسافروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنا ہے، ڈیجیٹل بورڈنگ پاس سے مسافروں کو یہ محفوظ رکھنا مشکل نہ ہوگا، اس کے برعکس روایتی بورڈنگ پاس کی حفاظت کرنا ہوتی تھی یا بعض اوقات مسافر راویتی بورڈنگ کارڈ گم کردیتے تھے۔
ڈیجیٹل بورڈنگ کارڈ سے دبئی ڈیوٹی فری شاپ سے خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ بورڈنگ کے لیے موجود اہلکار کیو آر کوڈ اسکین کر کے مسافر کے بارے میں جملہ معلومات حاصل کر سکے گا۔
امارات ایئر لائن کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کارڈ کے ساتھ راویتی بورڈنگ کارڈ کا اجرا بھی جاری رہے گا جو ان مسافروں کے لیے ہوگا جو فیملی اور چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کر رہے ہوں، علاہ ازیں مخصوص افراد یا دیگر فضائی کمپنیوں سے ان کے سفر جاری ہوں۔
ایسے مسافر جن کے پاس اسمارٹ فون نہ ہو یا، ان کا انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا ہو، یا دیگر وجوہات کا سامنا ہو اس صورت میں وہ مسافر روایتی بورڈنگ کارڈ جاری کروا سکتے ہیں۔