تازہ ترین

‘عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے’

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے اس کے جرائم کی فہرست میں9 مئی کو اضافہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کی تیاری ہو رہی ہے؟ جس پر رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ یہ تمام چیزیں زیر غور ہیں، لوگ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کے 60 ارب روپے کے ڈاکے کے مجرم کو ویلکم کیا گیا ، لوگوں میں شدید غم و غصہ ہے۔

پی ڈی ایم کے دھرنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ آج جو احتجاج ہو رہا ہے اس میں یقینی بنایا ہے شر پسند فائدہ نہ اٹھا سکے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے اس کے جرائم کی فہرست میں9 مئی کو اضافہ ہوا، یہ فتنہ پورے سال سے انویسٹمنٹ کر رہا تھا، تمام ٹارگٹ مقرر تھے کہاں جہاز جلانا ہےکہاں شہدا کی یادگار کوتوڑنا ہے۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں آ کر سامنا کرنا پڑے گا، نگران حکومتوں کواندازہ نہیں تھا کہ ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ توہین عدالت کانوٹس جاری ہوا تو پارلیمنٹ فیصلہ کرےگی کہ کیا کرنا ہے، نگران حکومتوں نے اس وقت تک رہنا ہے جب تک الیکشن نہیں ہو جاتے۔

Comments

- Advertisement -