پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما چوہدری سرور نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کر دیا۔
لاہور میں پاک فوج کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ دن ہے، جو کام کالعدم ٹی ٹی پی اور بھارت نہیں کر سکا وہ چند ہزار شرپسندوں نے کر دیا۔
چوہدری سرور نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا اور جناح ہاؤس میں سامان جلایا گیا، کرنل شیرخان کے مجسمے کو بھی توڑا گیا، شرپسندی میں جو بھی ملوث ہوں قرار واقعی سزا دی جائے، ہماری پارٹی انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دہشتگردی کی ان کو سزا ضرور ملنی چاہیے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ جو بے گناہ ہیں ان کے خلاف کارروائی نہ کی جائے، ہماری جو ریڈ لائن ہے وہ پاکستان کی فوج ہے، ہم نے آج اپنی فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے ریلی نکالی ہے۔