کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق، 3 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، شاہ بیگ گوٹھ کے قریب ایک گھر میں گھسے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کے تین بھائی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔
زخمی بلال نے میڈیا کو بتایا ’’ہم چاروں بھائیوں کو گھر کے اندر ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں ماری گئیں، ہم سو رہے تھے کہ ماسک پہنے 5 سے 6 ڈاکو گھر میں گھس آئے۔‘‘ بلال نے بتایا ’’ڈاکوؤں کے پاس اسلحہ اور چھریاں موجود تھیں، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کی، اور گھر سے 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔‘‘
زخمی بلال کے مطابق انھوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے بھی کر دیا ہے، انھوں نے بتایا کہ احسن آباد کے علاقے میں ان کی گوشت کی دکان ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی تمام افراد اسپتال منتقل کیے گئے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ واقعےمیں زخمی ساجد کو کمر اور پیٹ میں 2 گولیاں لگی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت دانیال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں کے نام ساجد، بلال اور عامل ہیں، 7 ڈاکورات گئے گھر میں داخل ہوئے اور خواتین سے دست درازی کی، جس پر تینوں بھائی مشتعل ہو گئے اور مزاحمت کی، پولیس حکام کے مطابق اہل محلہ نے ایک ڈاکو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا، شواہد کی مدد سے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔