کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ناجائز ایڈمنسٹریٹر کو اب ناجائز میئر بنانے کا اعلان کر دیا ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی نے پی پی کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی کے عہدے کے لیے نامزدگی پر رد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ ناجائز ایڈمنسٹریٹر کو ناجائز میئر بنانا چاہتے ہیں۔‘‘
پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے یہ بلدیاتی الیکشن سے بچتے اور بھاگتے پھر رہے تھے، جب زبردستی الیکشن کرائے گئے تو دھاندلی کی سب حدیں پار کر لی گئیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر نتائج کو تبدیل کیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی بنانے کا فیصلہ
پی ٹی آئی نے کہا ’’اب پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندوں کو بھی اغوا کیا جا رہا ہے، اور منتخب نمائندوں پر مقدمے کر کے وفاداریاں تبدیل کرائی جا رہی ہیں۔‘‘
مرتضیٰ وہاب کی میئرکراچی کیلیے نامزدگی پر حافظ نعیم کا ردعمل
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی ہے، ذرائع کے مطابق حیدرآباد کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما کاشف شورو کو میئر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ فیصلہ بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔