ایمیزون کے بانی جیف بیزوس نے امریکی صحافی لورین سانچیز نے منگنی کر لی۔
جیف بیزوس کے قریبی ذرائع نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی منگنی ہو گئی ہے، 59 سالہ جیف بیزوس اور 53 سالہ صحافی لورین نے جنوری 2019 میں اپنے تعلق کا اعلان کیا تھا۔
دونوں کا تعلق اس وقت جڑا تھا جب بیزوس نے اپنی 25 سالہ شریک حیات کو طلاق دی تھی، اور لورین نے اپنی 13 سالہ شادی ختم کر دی تھی، پچھلے چند برسوں میں بیزوس اور لورین کو متعدد مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔
بیزوس اور لورین کب شادی کے بندھن میں بندھیں گے، اس حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ جب سے دونوں میں تعلقات استوار ہوئے ہیں تب سے انھوں نے مختلف تقریبات میں تصویر کھنچوانے کے علاوہ اپنی نجی زندگی کی تفصیلات کی تشہیر نہیں ہونے دی۔
2022 میں دونوں نے سی این این کو پہلا مشترکہ انٹرویو دیا تھا، جس میں انھوں نے بیزوف کی بے پناہ دولت کو خیراتی کاموں میں خرچ کرنے سے متعلق کھل کر گفتگو کی تھی۔
بیزوس نے ایمی ایوارڈ یافتہ صحافی لورین سانچیز کے بارے میں کہا کہ وہ بہت زیادہ فیاض اور بڑے دل والی خاتون ہیں، اور یہ کہ وہ ان سے متاثر ہوئے ہیں۔