اسلام آباد : ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کے اعداد شمار جاری کردیے گئے، جس کے تحت 5ماہ کے دوران طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے29واقعات ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن کی پروازوں سے 5ماہ کے دوران پرندے ٹکرانے سے متعلق ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال جنوری سے لے کر اب تک پرندے ٹکرانے کے 29 واقعات پیش آچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صرف رواں ماہ میں ہی اب تک پرندہ ٹکرانے کے 10 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، پرندے ٹکرانے کے زیادہ تر واقعات کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہوئے۔
پرندے ٹکرانے کے واقعات فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، پشاور،گلگت،ملتان ایئرپورٹس پر ہوئے ہیں جبکہ سب سے زیادہ واقعات کراچی اور لاہورائیرپورٹ میں رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 7پروازوں کو جزوی اور مکمل نقصان پہنچا جبکہ 22طیارے نقصان سے بچ گئے، پرندے ٹکرانے سے پی آئی اے کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے، پرندہ ٹکرانے کے سبب پروازیں عارضی طور پر گراونڈ ہوجاتے ہیں۔