کراچی: جناح اسپتال کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی آج دنیا سے رخصت ہوگئیں،کراچی میں دہشت گردی اور کرونا وبا کے درمیان انہوں نے کیسے اپنے فرائض سرانجام دئیے؟ ان کی پروفیشنل زندگی کا مختصر احوال جانئے۔
پروفیشنل کیرئیر
ڈاکٹر سیمی جمالی 19 اگست 1961 میں پیدا ہو ئیں انہوں نے انیس سو چھیاسی میں نواب شاہ( ضلع بے نظیر آباد) سے ایم بی بی ایس پاس کیا، انیس سو چورانوے میں تھائی لینڈ سے ماسٹر آف پبلک ہیلتھ کی ڈگری حاصل کی، سال دو ہزار گیارہ میں امریکا سے پوسٹ ڈاکٹر فیلو کیا۔پروفیشنل ذمے داریوں کا تذکرہ کیا جائے تو ڈاکٹر سیمی جمالی نے ایم بی بی ایس کے بعد سول اسپتال کراچی میں ہاؤس جاب کی، ٹھیک ایک سال بعد انیس سو ستاسی میں وہ قومی امراض قلب میں کارڈیک سرجری یونٹ کی رجسٹرار بنی، انیس سو اٹھاسی میں جناح اسپتال میں میڈیکل آفیسر مقرر ہوئیں۔
انیس سو نواسی میں جناح اسپتال میڈیس وارڈ میں رجسٹرار مقرر ہوئیں، انیس سو نوے سے 1997 تک جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی انچارج رہیں۔اسی سال انہیں شعبہ حادثات کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا،اس کے بعد سال دوہزار سات میں انہیں جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کا ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔
سال دو ہزار دس میں وہ جناح اسپتال کی جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنی، سال دوہزار سولہ میں وہ جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر بن گئیں۔
ڈاکٹرسیمی جمالی کو کراچی میں بم دھماکوں کے بعد جناح اسپتال کی آئرن لیڈی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا کیونکہ دہشت گرد واقعے کے فوری بعد اسپتال پہنچ کر زخمیوں کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرتی رہیں۔عالمی وبا کرونا کے درمیان شاندار خدمات سرانجام دینے پر عالمی ادارہ صحت نے انہیں ہیرو قرار دیا۔
اعزازات وایوارڈ
انیس سو ننانوے میں ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ایوارڈ دیا گیا۔
دو ہزار سولہ میں لیڈی آئرن کو گورنر سندھ نے انجل ایوارڈ عطا کیا، اسی سال سندھ پولیس کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف گولڈ میڈل دیاگیا جبکہ صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھی انھیں معمار وطن ایوارڈ سے نوازا گیا۔سیمی جمالی کو سال دو ہزار سترہ میں پاکستان چیمبر آف کامرس کی جانب سےذکریا لائف ٹائم اچیومنٹ اور گورنر سندھ کی جانب سے وویمن اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کو ان کے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں حکومت پاکستان نے تئیس مارچ دو ہزار اٹھارہ میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی سابقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی ) کا رکن بھی مقرر کئے جانے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔