پیر, اپریل 21, 2025
اشتہار

جیلوں میں قید تمام خواتین کو فوری رہا کیا جائے، افتخاردرانی

اشتہار

حیرت انگیز

عمران خان کے سابق معاون خصوصی افتخار درانی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ زیرحراست خواتین کارکنان سے بدسلوکی کا نوٹس لے کر انہیں رہا کیا جائے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے استدعا کی کہ مراد سعید اور دیگر پی ٹی آئی کارکنان سمیت زیرحراست خواتین کی آبرو کے حوالے سے سنگین خدشات لاحق ہیں، فوری اقدامات کئے جائیں۔

ڈاکٹر افتخار درانی نے کہا کہ ملک بھر کی جیلوں میں قید خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات سامنے آرہے ہیں، مراد سعید کو بھی انتقامی کارروائیوں کی بھینٹ چڑھانے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مراد سعید پہلے بھی اپنی زندگی کو لاحق خطرات سے صدر اور چیف جسٹس کو آگاہ کرچکے ہیں، کارکنان کے گھروں کی چار دیواری کی پامالی اور کاروبارکو تباہ کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی پریس کانفرنس نے خواتین کی عزت وآبرو کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔

افتخاردرانی نے کہا کہ خواتین اس سے پہلے کبھی سیاسی طور پر اتنی متحرک نہیں رہیں جتنی آج متحرک ہیں، جیلوں میں قید تمام خواتین کو پی ٹی آئی کے سپورٹرز ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ ملک میں جاری اس فسطائیت کی حوصلہ شکنی کیلئے اقدامات کریں اور جیلوں میں قید تمام خواتین کو فوری رہا کیا جائے۔ ان کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی تحقیقات کی جائے۔

سابق معاون خصوصی افتخار درانی نے مطالبہ کیا کہ واقعات میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے، مراد سعید اور پی ٹی آئی کارکنان کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں