لاہور : ملک میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس حوالے سے لاہور سے تعلق رکھنے والے ملک غضنفر عباس چھینہ کی قیادت میں ہم خیال چھینہ گروپ کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
ہم خیال چھینہ گروپ میں صوبائی وزرا اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق ہم خیال چھینہ گروپ میں پاکستان تحریک انصاف کے19ٹکٹ ہولڈرز شامل ہیں جو آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ہم خیال چھینہ گروپ کا اہم اجلاس آج شام چھینہ ہاؤس لاہور میں ہوگا، اجلاس میں پریس کانفرنس کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، ملک غضنفر عباس چھینہ نے رہنماؤں کو لاہور طلب کرلیا ہے۔