بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

حکومت نے پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات سے صاف انکار کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب وقت تھا تو ہم نے بات چیت کی، سب کچھ طے ہو گیا تھا تو آپ نے مذاکرات ناکام بنا دیے۔

وفاقی وزیر سعد رفیق نے کور کمانڈر ہاؤس لاہور (جناح ہاؤس) کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ اختلاف کے باوجود بات چیت ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی ٹیم سے بات طے ہوگئی تھی لیکن جب ٹیم عمران خان کے پاس گئی تو انہوں نے کہا مذاکرات بند کر دو، ہم نے مذاکرات کا ماحول پیدا کیا اور انہوں نے ناکام بنا دیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے کمیٹی تو بنا دی لیکن اب ان سے مذاکرات کون کرے گا؟ ہم اس کمیٹی سے مذاکرات نہیں کر رہے۔

- Advertisement -

9 مئی واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، نوجوانوں کے ذہنوں کو آلودہ کر دیا گیا، پی ٹی آئی شر پسندوں نے جناح ہاؤس کو جلایا، اس گھر کی کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت ہے، قائد اعظم کی بہت سی چیزیں یہاں پر رکھی گئیں تھیں، 9 مئی کو ظالموں نے ہر چیز کو آگ لگا دی تھی۔

متعلقہ: حکومت سے مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل، کون کون شامل ہیں؟

انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات منصوبہ بندی کے تحت ہوئے، مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں، دنیا کی کوئی قوم اپنی فوج کو شرمندہ نہیں کر سکتی، کور کمانڈر ہاؤس پر 3 اطراف سے حملہ کیا گیا، حملہ کرنے والے کس کیلیے کام کر رہے تھے؟

ان کا کہنا تھا کہ اس پر عمران خان کو پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے، انہیں افواج پاکستان سے معذرت کرنی چاہیے، جو کام بھارت نہیں کر سکا وہ پی ٹی آئی نے کر دیا۔

عام انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ واضح ہے کہ حکومت اپنی مدت میں ایک دن اضافہ نہیں کرے گی، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں