میکسیکو : امریکا میں اجتماعی قتل کی خوفناک واردات سامنے آئی ہے جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا کر رکھ دیئے۔
میکسیکو کے جالیسکو کے مضافاتی علاقے سے پولیس نے انسانی اعضاء کے ٹکڑوں سے بھرے ہوئے 45 پلاسٹک کے تھیلے دریافت کیے ہیں۔
اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی اعضاء سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ کال سینٹر کے گمشدہ 7 ملازمین کی باقیات ہیں۔
میکسیکو میں مقامی حکام نے مغربی شہر گواڈالاجارا کے قریب ایک گلی میں نالی سے انسانی باقیات پر مشتمل 45 تھیلے دریافت کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد تاحال علم نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دریافت شدہ انسانی اعضاء گمشدہ سات کال سینٹر ملازمین میں سے چند نوجوانوں کے ہو سکتے ہیں کیونکہ اعضاء کی خصوصیات ان سے مماثلت رکھتی ہیں تاہم فرانسک ٹیسٹ کے بعد اس حوالے سے کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکے گی۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 2007 سے لے کر اب تک متعدد افراد لاپتہ ہوچکے ہیں، جب اس وقت کے صدر فیلیپ کالڈرن نے ‘منشیات کے خلاف جنگ’ کا اعلان کیا تھا۔
لاپتہ ہونے والوں میں سے تین چوتھائی مرد تھے اور ان میں ایک پانچواں 18 سال سے کم عمر کا لڑکا تھا جب وہ لاپتہ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ میکسیکو میں انسانی اسمگلنگ اور اغوا کی وارداتیں بہت عام ہوچکی ہیں، مارچ میں بھی 4 امریکی شہری اغوا ہو گئے تھے بعد ازاں ان میں سے دو افراد کی لاشیں دریافت ہوئی تھیں۔