آج سے تقریباً دو دہائی قبل خواتین گھریلو استعمال کیلئے صابن گھر میں ہی بنا لیا کرتی تھیں اور اس کام کیلئے گھروں میں استعمال ہونے والے تیل کو کارآمد بنایا جاتا تھا۔
ویسے تو بازاروں میں رنگت نکھارنے والے پراڈکٹس تو بہت سے موجود ہیں لیکن یہ تمام پراڈکٹس مختلف کیمیکلز سے بنائے جاتے ہیں جو کہ وقتی طور پر تو آپ کو نکھری رنگت فراہم کردیتے ہیں مگر اندرونی طور پر جلد کے لئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔
آج ہم آپ کو گھروں میں استعمال ہونے والے تیل سے صابن بنانے کا طریقہ بتائیں گے جو کارآمد بھی ہے اور اس پر بازار میں دستیاب صابنوں کے مقابلے میں لاگت بھی بہت کم آتی ہے۔
اجزاء
لئی ۔۔۔ حسبِ ضرورت
منرل واٹر ۔۔۔ 220 ملی لیٹر
دارچینی کا تیل۔۔۔ ڈیڑھ کپ
لونگ کا تیل۔۔۔ ڈیڑھ چمچ
ونیلا ایسنس۔۔۔ 2 چمچ
شہد۔۔۔ آدھا کپ
جو کا آٹا۔۔۔ ڈیڑھ کپ
زیتون کا تیل۔۔۔ ایک کپ
ناریل کا تیل۔۔۔ پونے چار کپ
کیسٹر آئل۔۔۔ پونے چار کپ
سورج مکھی کا تیل۔۔۔ ڈیڑھ کپ
بٹر ملک کیوب۔۔۔ 2 چمچ
صابن بنانے کا طریقہ
اوپر بتائے گئے تمام تیل ایک پین میں ڈال کر گرم کریں اور اسے مسلسل چمچ سے ہلاتے رہیں۔ اب منرل واٹر اور بٹر ملک کے جمے ہوئے کیوبز برف سے بھرے ایک پیالے میں ڈال دیں۔
اب اس باؤل میں لئی کو بھی شامل کر لیں اور یک جان ہونے تک چمچہ گھماتی رہیں۔ اب جب یہ محلول اچھی طرح مکس ہو جائے تو گرم گرم تیلوں کے پین میں شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔
پھر اس محلول کو ٹھنڈا ہونے کے لئے چھوڑ دیں اور چولہا بند کر دیں۔ جب یہ ہلکا ٹھنڈا ہو جائے تو اس میں شہد، ناریل کا دودھ اور جو کا آٹا مکس کر دیں اور ونیلا ایسنس بھی شامل کر لیں، اب اس مرکب کو 12 گھنٹوں کے لیے کسی برتن میں ڈال کر صابن کی ٹکیہ کی شکل میں ڈھال لیں۔
اس کام میں تھوڑی محنت ضرور ہے مگر قدرتی اجزاء اور بہترین تیلوں سے بھرپور یہ صابن آپ کی جلد کے لئے بہت بہترین ثابت ہوگا اس صابن کے استعمال سے نہ صرف رنگت میں نکھار آئے گا بلکہ جلد صاف شفاف اور چمکدار ہو جائے گی۔