لاہور: سوئمنگ پول میں کرنٹ آنے سے 2 نوجوان جاں بحق ہو گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا، ٹھیکے دار کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تھانہ گجر پورہ کی حدود میں ایک سوئمنگ پول میں اچانک کرنٹ آنے سے دو نوجوان جانوں سے محروم ہو گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوجوانوں کی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اور ایس ایس پی ڈسپلن نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا۔
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ سوئمنگ پول کے مالک اور ٹھیکے دار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس نے سوئمنگ پول کے ٹھیکے دار عامر کو حراست میں لے لیا، نگراں وزیر اعلیٰ نے تمام سوئمنگ پولز میں ضروری حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا ہے، انھوں نے کہا بغیر حفاظتی انتظامات سوئمنگ پولز کو فی الفور بند کیا جائے۔