پاکستان کی سینیئر اداکارہ اور ہدایتکارہ سنگیتا کے کریڈٹ پر کئی ناقابل فراموش اور کامیاب ترین فلمیں ہیں ان کے بارے میں بھارتی میڈیا نے بڑا انکشاف کیا ہے۔
سنگیتا کا شمار پاکستان کی سینیئر اداکاراؤں میں ہوتا ہے جب انہوں نے بطور ہیروئن فلموں میں کام کیا تو کئی ناقابل فراموش اور کامیاب فلمیں دیں اور جب وہ ہدایت کاری کے میدان میں آئیں تو یہاں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور کئی فنکاروں کو متعارف کرایا جو آج پاکستانی شوبز کے معروف نام ہیں۔
سنگیتا نے جب چھوٹی اسکرین کا رخ کیا تو کریکٹر ایکٹر اور مزاح سے بھرپور رول ادا کرکے اپنی ورسٹائلٹی ثابت کی۔
اس سینیئر اداکارہ کے بارے میں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سنگیتا کا شمار پاکستان کی امیر ترین خواتین میں ہوتا ہے جن کی سالانہ آمدنی کروڑوں میں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکارہ سنگیتا سالانہ 39 کروڑ روپے کماتی ہیں جس کے باعث وہ پاکستان کی امیر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں سنگیتا کو بھارتی اداکارہ جیا خان کی خالہ بھی بتایا گیا ہے جو 2013 میں خودکشی کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سنگیتا کا اصل نام پروین رضوی ہے۔ انہوں نے 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کوہِ نور‘ کے ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا جس میں انہوں نے بطور چائلڈ اسٹار کام کیا تھا۔
ان کی بطور اداکارہ مشہور فلموں میں مٹھی بھر چاول، نام میرا بدنام، کس نام سے پکاروں، یہ امن ودیگر کئی فلمیں شامل ہیں جب کہ بطور ہدایت کارہ بھی انہوں نے درجنوں کامیاب فلمیں دی ہیں۔