بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کی سابقہ اہلیہ عالیہ صدیقی نے دوسری شادی کا اشارہ دے دیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عالیہ صدیقی نے اپنے دوست کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ ’کیا مجھے خوش رہنے کا حق نہیں ہے۔‘
تاہم اب انہوں نے مذکورہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک طویل پیغام لکھا اور کہا کہ ’جس رشتے کو میں قیمتی سمجھتی تھی اس سے نکلنے میں 19 برس سے زائد عرصہ لگ گیا لیکن میری زندگی میں میرے بچے ہی میری ترجیح تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جو دوستی سے بڑھ کر ہوتے ہیں، اور یہ رشتہ وہی ہے، میں اس سے بہت خوش ہوں اور اپنی خوشی آپ کے ساتھ بانٹ رہی ہوں، کیا مجھے خوش رہنے کا حق نہیں ہے؟‘
بعد ازاں انہوں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مذکورہ تصویر میں موجود شخص کا نام لئے بغیر کہا کہ میں اپنی زندگی میں آگے بڑھ گئی ہوں اور اس شخص کے ساتھ دوستی سے بڑھ کر رشتہ ہے ہم دونوں ایک دوسرے کی بہت عزت کرتے ہیں، اس شخص کا تعلق بھارت سے نہیں بلکہ اٹلی سے ہے اور ہماری پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ روپیہ پیسہ کبھی بھی آپ کو خوشی نہیں دے سکتا بلکہ انسان دے سکتے ہیں اور یہ وہی انسان ہے جو مجھے خوشی دیتا ہے اور میری پرواہ کرتا ہے۔
ایک مداح کے سوال کا جاوب دیتے ہوئے عالیہ صدیقی نے کہا کہ ’بہت جلد اپنا ’سرنیم‘ تبدیل کردیں گی۔‘
خیال رہے کہ اداکار نواز الدین صدیقی اور عالیہ صدیقی طلاق کے بعد اپنے بچوں، بیٹے ’یانی‘ اور بیٹی ’شورا‘ کی تربیت و پرورش کی ذمہ داری باہمی رضا مندی سے مل کر اُٹھا رہے ہیں۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے عالیہ صدیقی اپنے سابق شوہر کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے باعث شہ سرخیوں کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔