پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب میئر کراچی کیلیے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں میئر میں ہی ہوں گا، وہ اپنے نمبرز پورے کریں ہم نتیجہ قبول کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میئر کراچی سے متعلق انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ہی نہیں، پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا ہی نہیں تو پی ٹی آئی کیسے حمایت کر رہی ہے؟
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میئر کراچی کیلیے کسی جماعت کے پاس اکثریت نہیں ہے، حافظ نعیم الرحمان منتخب نمائندوں کو حق رائے دہی کا حق نہیں دے رہے، آرٹیکل 63 اے بلدیاتی نمائندوں پر لاگو نہیں ہوتا، بلدیاتی قوانین الگ ہوتے ہیں اور انہیں صوبائی اسمبلی نے بنائے ہوتے ہیں۔
گزشتہ روز اسی پروگرام میں جماعت اسلامی کی جانب سے میئر کراچی کیلیے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ میئر ہماری پارٹی کا ہی ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی رہنما ہم سے رابطے میں ہیں اور امید ہے پی ٹی آئی والے اپنے چیئرمین کی ہدایت کے خلاف نہیں جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ پارٹی ہدایت کے برعکس ووٹ دیں گے تو ان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا اور پارٹی ہدایت کے باوجود نہیں آتے تو پارٹی ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہم ڈپٹی میئر کراچی کا عہدہ پی ٹی آٗئی کو دینے کے لیے تیار ہیں، دوسری جماعتوں سے بھی بات چیت کر رہے ہیں، ہم نے (ن) لیگ، جے یو آئی، ٹی ایل پی سے بھی رابطہ کیا ہے۔