مورخہ 8 جون کو شہدائے اے ایس ایف ہیڈکوارٹرز سمیت فورس کے تمام یونٹس میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر منعقد کی گئیں پر وقار تقاریب میں چیف سیکیوریٹی آفیسرز اور آفیسرز کمانڈنگز نے اس دن کی مناسبت سے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔
اس ضمن میں مرکزی تقریب اسلام آباد ائیرپورٹ کے اسد شاہنواز شہید اے ایس ایف کیمپ میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلال امتیاز ملٹری نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے شہداء اے ایس ایف کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 جون شہدائے اے ایس ایف کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب اے ایس ایف کے شہداء اور غازیوں نے وطن عزیز کے ائیرپورٹس کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے مذید کہا کہ ہم نے وطن کے دفاع کی خاطر ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی مادروطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے نے کہا کہ اے ایس ایف کے افسران اور جوان ائیرپورٹس کی حفاظت کیلئے اپنی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی سے دشمن کی ہر تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔