بھارتی فلم انڈسٹری اب ایسی کئی اداکاراؤں سے بھری پڑی ہے جو اپنی ایک فلم کا معاوضہ کروڑوں میں لیتی ہیں لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ بالی وڈ میں سب سے پہلے ایک کروڑ روپے بطور معاوضہ لینے والی معروف اداکارہ کون تھیں؟
بھارت کے فلم نگری میں ایک کروڑ روپے بطور فیس لینے والی پہلی اداکارہ آنجہانی سری دیوی تھیں۔
موجودہ دور میں کسی بھی اداکارہ کا اس قدر بڑی رقم کا بطور معاوضہ لینا کوئی بڑی بات معلوم نہیں ہوتی لیکن جس دور میں سری دیوی نے ایک کروڑ روپے لینے کا مطالبہ کیا تھا تب یہ ایک ناقابلِ یقین بات تھی کیونکہ اس وقت صرف چند ایک بھارتی اداکار اتنا معاوضہ لے رہے تھے اور اداکاراؤں کی فیس اس سے کئی گنا کم ہوتی تھی۔
معروف اداکارہ کا اصل نام شری اما ینگر ایاپن تھا اور انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 1978 میں بالی وڈ میں ڈیبیو سے قبل تامل، تیلگو، ملیالم اور بنگالی فلموں میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔
انہوں نے 80 اور 90 کی دہائی میں چاندنی، لمحے، جدائی، مسٹر انڈیا، گمراہ، خدا گواہ، لاڈلا سمیت کئی فلموں میں اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کے دل جیتے ۔
سری دیوی کی مشہور ترین فلموں میں ’مسٹر انڈیا‘، ’کلاکار‘، ’چاندنی‘ اور ’تحفہ‘ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سری دیوی کی موت 24 فروری 2018 کو 54 سال کی عمر میں دبئی کے ایک ہوٹل میں نہانے کے دوران ہوئی تھی۔