سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے کہا ہے کہ سوئنگ بال کیسے کھیلی جاتی ہے؟ یہ جاننے کیلئے بھارتی کرکٹرز کو پاکستان کے بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن سے سیکھنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 209 رنز سے شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے بھارتی بلے بازوں کو بابر اعظم اور کین ولیمسن سے سیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو پاکستان کے بابر اعظم اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن سے سیکھنا چاہیے کہ کس طرح سیم اور سوئنگ بال کو کھیلا جاتا ہے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کی بیٹنگ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی ہے، بھارتی مداح مجھ پر تنقید کریں گے لیکن میں کہوں گا کہ بھارتی بلے بازوں کو بابراعظم اور کین ولیمسن سے سیکھنا چاہیے کہ جب گیند سوئنگ ہورہی ہو تو کیسے کھیلنا چاہیے۔
سابق بلے باز کا کہنا تھا کہ بابر اور کین ولیمسن سوئنگ گیند کو کھیلنے میں جلدی نہیں کرتے بلکہ اسے اطمینان سے کھیلتے ہیں۔