شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ذہنی مسائل سے دوچار ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اکاؤنٹ پر چند اسٹوریز شیئر کیں جس میں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے چند انکشافات کیے اور کہا کہ وہ انتہائی مشکل زندگی گزار رہی ہیں، نہ ٹھیک سے سو پاتی ہیں اور نہ ہی پرسکون ہیں۔‘
انسٹاگرام کی اسٹوری میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘ہر روز میں اپنی موت کی تمنا کرتی ہوں، گزشتہ 60 دنوں سے کوئی ایسا دن نہیں گزرا جس میں میں روئی نہ ہوں، زندگی کے اس مشکل دور میں میرا 12 کلو وزن کم ہوگیا ہے، میرے لیے کچھ بھی کھانا مشکل ہوتا ہے، میری فیملی میری ہر ممکن مدد کی کوشش کررہی ہے لیکن یہ میری اکیلی کی جنگ ہے’۔
اداکارہ نے اپنی ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ ‘اس دنیا کے لوگ بہت ظالم ہیں، کسی کے دل میں دوسروں کے لیے ہمدردی نہیں ہے، اس دنیا کو بہتر جگہ ہونے کی ضرورت ہے، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ میرے پاس دنیا کی ہر آسائش موجود ہے تو پھر ایسی کون سی چیز ہے جو مجھے اتنا بے چین اور دکھ میں مبتلا کیے ہوئے ہے؟
صحیفہ جبار نے کہا کہ ‘میں اگر سچ کہوں تو اچھی اور مہنگی گاڑی، گھر اور بہت سا پیسہ ہونا آپ کی زندگی میں سکون اور خوشیاں نہیں لاسکتا، یہ آپ کے لیے آسائشوں کی وجہ بن سکتا ہے لیکن آپ کا اندر مکمل مطمئن نہیں کرسکتا، ہماری روح کو خیال، محبت کی ضرورت ہوتی ہے’۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ‘اس وقت چاہے میرا وقت کیسا بھی ہو لیکن میں جانتی ہوں آنے والا وقت میرے لیے اچھا ہوگا’۔
اپنی آخری انسٹا اسٹوری پر صحیفہ نے اپنے شوہر کے مکمل تعاون اور ان کی محبت کا اعتراف کیا۔
صحیفہ نے اس پر بات بھی اظہار افسوس کیا کہ ان کے شوہر ان سے کافی دور رہ کر نہ جانے کس حال میں ہوں گے اور ان کی پریشانی کو کس طرح برداشت کر رہے ہوں گے۔
انہوں نے اسٹوری میں اپنے شوہر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں انہوں نے زندگی میں کون سے اچھے کام کیے ہوں گے جو انہیں خضر جیسے شوہر ملے۔
صحیفہ جبار ختک نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو ان کی خیریت دریافت کررہے ہیں، اداکارہ نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی اور کہا کہ وہ تمام لوگوں کے میسجز پڑھ رہی ہیں اور شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ صحیفہ جبار خٹک نے 2020 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’لوگ کیا کہیں گے‘ میں ’میرب‘ کا کردار نبھایا تھا۔