ہفتہ, جنوری 4, 2025
اشتہار

دکاندار نے اپنی ذہانت سے ڈاکو کو پھنسوا دیا، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

بعض مرتبہ انسان کی ساری کی ساری چالاکی اس وقت دھری کی دھری رہ جاتی ہے جب سامنے والا عقل کا استعمال کرتے ہوئے ایسا قدم اٹھائے کہ لینے کے دینے پڑجائیں۔

کچھ ایسا ہی برطانیہ میں ایک دکان میں ہوا، ڈکیتی کی نیت سے آنے والا ڈاکو خود اپنے دام میں پھنس گیا۔ سوشل میڈیا پر لوگ دکاندار کی تعریفیں کررہے ہیں۔

دماغ کا صحیح وقت پر استعمال اور تھوڑی سی ہمت بھی انسان کو کئی مشکل حالات سے بچا سکتی ہے اور برطانیہ میں ایک شخص نے اس سوچ کو سچ ثابت کر دیا۔

- Advertisement -

غیرملکی خبر رسان ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ برطانیہ میں ایک بہادر دکاندار نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، ڈاکو کو دکان کے اندر ہی بند کردیا اتنے میں پولیس نے پہنچ کر اسے قابو کرلیا۔

مقامی پولیس حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز ڈرہم سٹی کے ایک اسٹور میں ایک ڈاکو داخل ہوا، میلکم ٹرمبل نامی ڈاکو نے اپنی آستین میں تیز دھار چاقو چھپایا ہوا تھا۔ ڈاکو نے کچھ سامان اٹھایا اور دکاندار کو چاقو دکھا کر اسے لوٹنے کی کوشش کی۔

اس دوران اسے ذرا بھی اندازہ نہیں ہوا کہ دکاندار کیا سوچ رہا ہے، اسی اثناء میں دکاندار پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاؤنٹر سے نکلا اور تیزی سے باہر نکل کر دکان کا مرکزی دروازہ بند کرکے شٹر گرانا شروع کردیا۔

یہ منظر دیکھ کر ڈاکو بھی بوکھلا گیا اور باہر نکلنے کیلیے دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن جب تک دیر ہوچکی تھی اور شٹر کافی حد تک نیچے آگیا، ڈاکو نے فلمی انداز میں زمین پر لیٹ کر شٹر کے نیچے سے نکلنے کی کوشش کی لیکن وہیں پھنس گیا۔

اس دوران دکاندار نے سکون سے پولیس کو کال کی اور جلد ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا،

گزشتہ روز مقامی عدالت نے 30 سالہ ملزم ٹرمبل کو ڈکیتی کی کوشش اور چاقو رکھنے کا اعتراف کرنے کے بعد تین سال اور چار ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں