چاغی: ایران میں 45 پاکستانی یونان جانے کی ایک اور کوشش کے دوران گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کی حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 45 پاکستانی گرفتار ہو گئے، ایرانی حکام نے گرفتار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر کے پاکستانی سرحدی حکام کے حوالے کر دیا۔
سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ پاکستانی غیر قانونی طور پر ایران سے یونان اور یورپی ممالک جانا چاہتے تھے، ایران سے ڈی پورٹ کیے گئے افراد تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے۔
سرحدی حکام کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے بیش تر افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔
واضح رہے کہ یونان کشتی حادثے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 14 پاکستانی انسانی اسمگلرز کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں سے پانچ کا تعلق گجرات سے ہے، انسانی اسمگلرز میں شفقت، فیصل سنیارا، آصف سنیارا، حاجی ذوالفقار، میاں عرفان، جاوید اقبال، ساجد وڑائچ، مدثر، رانا نقاش، عابد، ریاست، ندیم اسلم، طلعت کیانی کے نام شامل ہیں۔
ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلرز کی پشت پناہی کرتی ہیں، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کا انکشاف
سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سجاد باجوہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایف آئی اے کی کالی بھیڑیں انسانی اسمگلرز کی پشت پناہی کرتی ہیں، ایجنٹ مافیا کے خلاف صحیح معنوں میں اب تک کارروائی نہیں کی گئی، ایجنٹ مافیا کرپشن اور ملی بھگت سے بچ نکلتی ہے، دیگر ممالک میں ان کے بڑے پیمانے پر گہرے روابط ہیں۔