جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

ایکسٹریکشن 2: نیٹ فلیکس کا ‘ایکشن تھرلر’ پاکستان میں‌ سرِفہرست

اشتہار

حیرت انگیز

گزشتہ ہفتے نیٹ فلیکس پر ایکسٹریکشن ٹو (Extraction 2) پاکستان سمیت دنیا بھر میں‌ ٹاپ ٹین چارٹ میں سرِ فہرست رہی۔ اب بھی پاکستان میں فلم بینوں‌ کی بڑی تعداد اس ایکشن تھرلر سیکوئل سے محظوظ ہو رہی ہے۔ ایکسٹریکشن 2 نیٹ فلیکس پر اپنی ریلیز کے دو دن بعد ٹاپ گلوبل چارٹس پر تھی۔

یہ 2020 کی فلم ’ایکسٹریکشن‘ کا تسلسل ہے جس میں دکھایا گیا تھا کہ ایک کمانڈو کو بنگلہ دیش میں اس مغوی کو آزاد کرانے کا مشن سونپا جاتا ہے، جو دراصل ایک ڈرگ لارڈ کا بیٹا ہے، لیکن وہاں‌ جانے پر یہ ہیرو ایک غیرمتوقع صورتِ حال کا سامنا کرتا ہے اور الجھن کا شکار ہوجاتا ہے۔

- Advertisement -

ایکسٹریکشن کی دونوں‌ کہانیاں امریکا کے مشہور کامک بک آرٹسٹ اور اسٹوری رائٹر اینڈی پارک اور ان کے ساتھیوں کے تخلیق کردہ گرافک ناول Ciudad پر مبنی ہیں اور وہی فلم کے رائٹر بھی ہیں۔ فلم کے رائٹر جو روسو ہیں‌ جب کہ اسٹوری اینڈی پارک، انتھونی روسو نے تشکیل دی ہے۔ فلم کے ہدایت کار سیم ہارگریو ہیں جو امریکی اسٹنٹ مین اور اداکار کے طور پر بھی پہچانے جاتے ہیں۔اس کے سنیماٹوگرافر گریگ بالدی ہیں اور ان کا تعلق بھی امریکا سے ہے۔

فلم کے اداکاروں کی طرف چلیں‌ تو سب سے پہلے ہالی وڈ کے مشہور آسٹریلوی اداکار کرس ہیمس ورتھ کا تذکرہ ہوگا، کیوں کہ وہ اس فلم کے ہیرو ہیں۔ ہالی وڈ میں قدم رکھنے سے پہلے انھیں‌ آسٹریلیا میں‌ ٹی وی سیریز کی بدولت پہچان مل چکی تھی اور پھر ان کی مشہور اور کام یاب ترین فلم تھور کا شور سبھی نے سنا۔ ایکسٹریکشن کے سیکوئل میں ٹائلر ریک (Tyler Rake) کے روپ میں نظر آرہے ہیں جو آسٹریلیا میں اسپیشل فورس کا حصّہ رہا ہے اور اب وہ ایک مشن پر ہے۔ ٹائلر اس فلم میں جو مشن قبول کرتا ہے اس کی تکمیل کے دوران دشمن کا سامنا کرتے ہوئے وہ اپنی جسمانی طاقت اور اسلحے کے استعمال میں‌ مہارت دکھانے کے ساتھ کئی مواقع پر فوری فیصلہ اور حاضر دماغی کا ثبوت بھی دیتا ہے۔ گلشیفتہ فراھانی ( Golshifteh Farahani) ایرانی نژاد فرانسیسی اداکارہ ہیں جو نک خان کے روپ میں ٹائلر کے ساتھ اس مشن میں‌ شریک ہیں جب کہ جارجیا سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور ماڈل ٹیناٹن دالاکِش وِیلی (Tinatin Dalakishvili) نے کیٹیون کا کردار نبھایا ہے۔ اولگا کُریلینکو(Olga Kurylenko) یوکرینی فرانسیسی اداکارہ ہیں، جو ٹیلر کی سابق بیوی اور کیٹیون کی بہن بنی ہیں اور فلم میں ان کا نام میا ہے۔ کیٹیون کے شوہر کا کردار ٹورنائیک (Tornike Bziava) نے نبھایا ہے۔ فلم کی کاسٹ مختلف ملکوں کے فن کاروں پر مشتمل ہے۔

اب چلتے ہیں‌ کہانی کی طرف جس میں ایکشن کے ساتھ سنسنی خیزی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرلیتی ہے اور فلم میں‌ ان کی دل چسپی بڑھتی چلی جاتی ہے۔

ہیرو یعنی ٹائلر ایک ماہر لڑاکا اور مہم جُو ہے، جس سے آسٹریا میں ایک روز کوئی اجنبی رابطہ کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ کیٹیون جو کہ اس کی سابق بیوی میا کی بہن ہے، وہ اپنے دو بچّوں سینڈرو اور نینا کے ساتھ مشکل میں پھنس گئی ہے۔ کیٹیون جارجیا کے ایک جرائم پیشہ گروہ کے سرکردہ رکن ڈیوِٹ کی بیوی ہے جس کا بھائی ڈرگ لارڈ ہے۔ ڈیوٹ نے ایک ڈی ای اے ایجنٹ سے مڈ بھیڑ ہو جانے پر اسے ایک پُل پر سے پھینک دیا تھا اور امریکا کے دباؤ پر اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ وہ رشوت دے کر قید سے نجات پانے کی ہر کوشش میں ناکام ہوجاتا ہے۔ تب وہ اپنے بیوی بچّوں کو اپنے ساتھ دیکھنے کی خواہش کرتا ہے۔ وہ کیٹیون سے اصرار کرتا ہے کہ بچّوں کے ساتھ اس کے پاس قید خانے میں منتقل ہوجائے اور ایسا ہی ہوتا ہے۔ لیکن وہاں ناسازگار ماحول اور ڈیوِٹ کی بدسلوکی کی وجہ سے کیٹیون پریشان ہو کر اپنی بہن میا سے مدد کے لیے رابطہ کرتی ہے۔ وہ اس جگہ سے نکلنا چاہتی تھی۔

ادھر ڈیوٹ کے بھائی زراب کو گورنر مطلع کرتا ہے کہ ڈیوٹ کو مزید دس سال قید میں‌ رہنا ہو گا، یہ جان کر زراب اس سے اپنے بھائی ڈیوٹ کی رہائی کے لیے اصرار کرتا ہے، مگر گورنر انکار کر دیتا ہے، کیوں کہ وہ سمجھتا تھا کہ ایسا کوئی قدم اٹھانے پر امریکی اس کے پیچھے پڑ جائیں‌ گے۔ انکار سن کر زُراب مشتعل ہوجاتا ہے اور گورنر اور اس کے آدمیوں کو مار دیتا ہے۔ ادھر ٹائلر نِک خان اور یاز نامی دو ساتھیوں کو اپنی مدد کے لیے بلاتا ہے اور وہ ایک روز جیل میں گھس جاتے ہیں۔ دیوٹ قیدیوں کو خبردار کردیتا ہے جو جیل میں ہنگامہ کھڑا کر دیتے ہیں۔ اسی اثنا میں جیل سے نکلتے ہوئے ایک موقع پر ٹائلر اور کیٹیون پر ڈیوٹ حملہ کر دیتا ہے جس کے جواب میں ٹائلر اسے مار دیتا ہے۔ ہیرو اس کے بیوی بچّوں کو کسی طرح‌ قید خانے سے نکال کر لے جاتا ہے اور وہ ویانا پہنچ جاتے ہیں۔ لیکن اس مہم جوئی کے دوران سینڈرو جو ٹائلر کے ہاتھوں اپنے باپ کا قتل دیکھتا ہے، اس کے خلاف ہوجاتا ہے۔

یہاں سے کہانی ایک موڑ لیتی ہے اور پھر سینڈرو اپنے چچا زراب سے کسی طرح رابطہ کرتا ہے اور اسے سب کچھ بتا دیتا ہے۔ زراب اور اس کے آدمی ویانا میں ٹائلر اور اس کی ٹیم کو ڈھونڈ کر ان پر حملہ کرتے ہیں۔ اس لڑائی اور افراتفری میں سینڈرو اپنی ماں کو چھوڑ کر چچا سے مل جاتا ہے۔

یہ فلم نیٹ فلیکس نے 16 جون کو ریلیز کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں