جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

عید الاضحٰی پر چند وہ اہم چیزیں جس کا آپ خیال نہیں رکھتے

اشتہار

حیرت انگیز

عیدالاضحیٰ ملک بھر میں کل یعنی 29 جون کو عقیدت و احترام کے ساتھ  منائی جائے گی لیکن کیا آپ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنی چند اہم چیزوں کا خیال رکھتے ہیں؟

جشن اور خوشی کا وقت، عید الاضحیٰ وہ وقت ہے جب مسلمان سُنتِ ابراہیم علیہ السلام کی ادائیگی کرتے ہیں، مسلمان ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہیں اور نئے کپڑے پہنتے ہیں، اور پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اس موقع کی خوشی کے لیے بہت سے لذیذ پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔

عید الاضحی پر جب سب مل بیٹھیں تو مزے مزے کے کھانوں کا اہتمام ہوتا ہے اور عید الاضحیٰ تو ہے بھی مزیدار پکوان بنانے کا نام، تو ایسے موقع پر دستر خوان پر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔

- Advertisement -

 لیکن ایسے میں بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے، چونکہ عید کے دنوں میں گوشت  اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔

 اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔

رواں برس عید پر بارشوں کا سیزن ہے، ایسے موسم میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوجاتی ہے جس سے مختلف وبائی امراض پھیلنے لگتے ہیں، لہٰذا نہ صرف گھر کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے بلکہ کھانا بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کریں۔

 اپنے گھر سے باہر گلیوں اور محلوں کی صفائی کرنا بھی نہ بھولیں اور قربانی کے بعد فوری طور پر آلائشوں کو ٹھکانے لگا کر صفائی کریں اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کریں۔

دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے یا پھر قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سخت مصروفیت کے دوران پانی پینا نہ بھولیں۔

 دن بھر کی مصروفیت میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے، گھر میں شاندار دعوت کا اہتمام کررہے ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں، مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں،  اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں،  اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں، یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مصالحے دار کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں، یہ آپ کو گرمی اور مصالحے دار کھانوں کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں