بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر کانکیر میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا، جب مادہ تیندوے نے ٹرک میں بیٹھ کر 160 کلومیٹر کا طویل سفر کیا مگر ڈرائیور بے خبر رہا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک چھ ماہ کے مادہ تیندوے نے کانکیر سے جگدل پور تک تقریباً 160 کلومیٹر کا طویل سفر ٹرک کے نیچے بیٹھ کر کیا اور ڈرائیور کو معلوم ہی نہ ہوسکا، ٹرک کے منزل پر پہنچنے اور اس پر لدے چاول اتارنے کے بعد ٹرک میں تیندوے کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
چاول سے بھرا فوڈ کارپوریشن کا ٹرک خالی کرنے کے بعد مزدوروں کو لگا کہ ٹرک کے نیچے کوئی ہے، مزدور اسے شیر کا بچہ سمجھ رہے تھے، تاہم کچھ دیر میں یہ بات پورے علاقے میں پھیل گئی اور پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ بچہ لوگوں کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگیا اور ٹرک کے نیچے چھپ گیا تھا۔ باہر نکال کر اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اس کے کھانے کا انتظام کیا گیا، بعد ازاں مادہ تیندوے کو رائے پور کے جنگل سفاری چڑیا گھر کے حوالے کر دیا گیا۔