جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

توشہ خانہ کیس : چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور توشہ خانہ کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی ، جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ اِس بنچ سے شفاف اور غیرجانبدار انصاف نہیں ملے گا۔

- Advertisement -

درخواست میں چیف جسٹس سے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستیں سننے سے معذرت کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور درخواست میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیلیں چیف جسٹس کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے سیشن عدالت کوجوڈیشل کمپلیکس منتقلی کی بھی درخواست دے دی ، چیف کمشنر کو سیشن عدالت ایک دن کیلئے منتقل کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کچہری تاحال نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل نہیں ہو سکی، ایف 8کچہری میں سیکیورٹی خدشات کے باعث عدالت منتقل کی جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف کی 10مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کل ہو گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں