لاہور: چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے 5 ملزمان کی ضمانتیں مسترد کر دی گئیں، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کے کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی، اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کر کے خوف و ہراس پھیلانے والے 5 ملزمان کی ضمانتیں عدالت نے مسترد کر دیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے ضمانتوں پر سماعت کی، اس حوالے سے ملزمان کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج ہے۔
پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے چلڈرن اسپتال میں دوران ڈیوٹی ڈاکٹر پر تشدد کیا، ملزمان نے اپنے اس عمل سے اسپتال میں خوف و ہراس پھیلایا۔
واضح رہے کہ ملزمان نے چلڈرن اسپتال میں ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔