بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

عرب ہوٹل:’’لاہور کے آڑے ترچھوں کا اڈّہ‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور کے کچھ ادبی اور ثقافتی مرکز ایسے ہیں جنہیں لوگ بالکل فراموش کر چکے ہیں اور ان کا ذکر اب صرف تذکروں میں ہی ملتا ہے۔ ان میں کچھ ادبی ٹھکانے تو اپنے زمانے میں بڑی شہرت کے مالک تھے جہاں علم و ادب کے نامور لوگ اپنی محفلیں سجایا کرتے تھے۔

سب سے پہلے میں عرب ہوٹل کا ذکر کروں گا۔ عرب ہوٹل ریلوے روڈ اسلامیہ کالج کے بالکل سامنے واقع تھا۔ کہتے ہیں کہ 1926ء سے 1936ء تک لاہور کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا خاموش مرکز رہا۔ یہاں اس زمانے میں خواجہ دل محمد، ڈاکٹر تاثیر، عابد علی عابد، حفیظ جالندھری، گوپال متل، پنڈت ہری چند اختر، مولانا چراغ حسن حسرت، پروفیسر فیاض محمود، عبدالمجید بھٹی اور باری علیگ بیٹھا کرتے تھے۔ کبھی کبھی آنے والوں میں عبدالمجید سالک شامل تھے۔ جس زمانے میں مَیں نے عرب ہوٹل دیکھا اس وقت وہاں مولانا چراغ حسن حسرت کی شخصیت سب سے نمایاں تھی۔ میں عرب ہوٹل گیا بھی حسرت صاحب سے ملنے تھا کیونکہ ان کی فیملی سے ہمارے گھر والوں کے دیرینہ مراسم تھے اور حسرت صاحب مجھے جانتے تھے۔ یہ قیامِ پاکستان سے چند برس پہلے کا زمانہ تھا۔

عرب ہوٹل کا ماحول مجھے ذرا پسند نہیں تھا۔ میں نے رنگون، بمبئی اور کلکتہ میں بڑے بڑے ریستوران اور ہوٹل دیکھے تھے۔ عرب ہوٹل ان کے مقابلے میں ایک چھوٹی سی دکان تھی جس کے اندر ایک تنور بھی تھا، جہاں نان لگتے تھے اور سالن وغیرہ بھی پکتا تھا اور چائے بھی پکتی تھی جو چینی کی زرد پرانی چینکوں میں چھوٹے (فنجانوں) پیالوں میں اور کپ میں بھی دی جاتی تھی۔ بڑا غریبانہ ہوٹل تھا۔ وہاں کے نان تنور سے نکلتے تو ان کی خوشبو سے ہی بھوک تیز ہو جاتی تھی۔ بُھنے ہوئے گوشت کی فل پلیٹ بھی ملتی تھی اور ہاف پلیٹ بھی ملتی تھی۔ کباب بے حد لذیز تھے۔ بھنے ہوئے گوشت کی ہاف پلیٹ شاید دو آنے کی ہوتی تھی۔ گرمیوں کے موسم میں عرب ہوٹل میں تنور کی وجہ سے گرمی زیادہ ہوتی تھی۔

- Advertisement -

چند ایک میزیں لگی تھیں۔ حسرت صاحب سگریٹ سلگائے چائے کی پیالی سامنے رکھے اپنی خاص نشست پر بڑی شان سے بیٹھے ہوتے۔ ان کے گرد لوگ ان کی باتیں سننے کے لئے بڑے ادب سے بیٹھے ہوتے تھے۔ میرے لیے ان لوگوں کے چہرے اجنبی تھے۔ صرف باری علیگ کا چہرہ میرے لیے اجنبی نہیں تھا۔ حسرت صاحب نے سادہ اور آسان اردو میں جس میں ہندی کے الفاظ کی آمیزش بھی تھی کچھ طبع زاد کہانیاں لکھی تھیں جن کے بارے میں بعد میں گوپال متل نے لکھا تھا کہ اگر حسرت صاحب کی یہ کہانیاں دیونا گری رسم الخط میں ترجمہ کر دی جاتیں تو انڈیا والے حسرت صاحب کو ہندی کا بہت بڑا ادیب تسلیم کرنے پر مجبور ہو جاتے۔ عرب ہوٹل کے مالکان میں ایک درمیانی عمر کے گورے چٹے خوبصورت آدمی تھے جو عرب تھے اور اردو پنجابی بڑی روانی سے بول لیتے تھے۔ ان کے چہرے پر ہر وقت مسکراہٹ رہتی تھی۔ ان کے ساتھی جو شاید ان کے پارٹنر تھے وہ بھی گورے چٹے تھے مگر ان کا قد درمیانہ اور چہرے کے نقوش موٹے تھے۔ میں ان دنوں لکھتا لکھاتا بالکل نہیں تھا۔ ادب کا طالب علم تھا اور مشہور ادیبوں کی کہانیاں بڑے شوق سے پڑھتا تھا۔ گوپال متل نے اپنی کتاب ’’لاہور کا جو ذکر کیا‘‘ میں عرب ہوٹل کا تھوڑا سا نقشہ کھینچا ہے۔ وہ لکھتے ہیں۔

’’اسلامیہ کالج کے سامنے عرب ہوٹل لاہور کے آڑے ترچھوں کا اڈہ تھا۔ ان میں زیادہ تر ادیب، شاعر اور صحافی تھے۔ یہ ایسے اداروں میں کام کرتے تھے جہاں تنخواہ بڑی قلیل ملتی تھی۔ بروقت نہیں ملتی تھی اور کسی ماہ ناغہ بھی ہو جاتا تھا۔ لیکن یہ اپنے حال میں مست رہتے تھے اور اپنی زندہ دلی پر غمِ زمانہ کی پرچھائیاں نہیں پڑنے دیتے تھے۔عرب ہوٹل بڑا ہی غریب نواز ہوٹل تھا۔ وہ کبابوں، نصف نان اور چائے کی ایک پیالی میں صبح کا ناشتہ ہو جاتا تھا اور بھنے ہوئے گوشت کی نصف پلیٹ اور ایک نان میں ایک وقت کا کھانا ہو جاتا تھا۔ مولانا چراغ حسن حسرت عرب ہوٹل کے میر مجلس تھے۔ انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کے ساتھ ’’الہلال‘‘ میں کام کیا تھا۔ زمیندار میں وہ ’’فکاہات‘‘ کے عنوان سے مزاحیہ کالم لکھتے تھے جس کی اس زمانے میں بڑی دھوم تھی۔ عبدالمجید بھٹی کا دفتر عرب ہوٹل کے پاس ہی تھا۔ پہلے وہ بچوں کی نظمیں لکھا کرتے تھے۔ ان دنوں وہ بالغوں کے لئے نظمیں لکھنے لگے تھے۔ عرب ہوٹل کے حاضر باشوں میں انتہائی دل چسپ شخصیت باری علیگ کی تھی۔ ’’کمپنی کی حکومت‘‘ کے نام سے انہوں نے جو کتاب لکھی وہ بے حد مشہور ہوئی اور اس کے کئی ایڈیشن چھپے۔ بڑے آزاد خیال اور قلندر صفت آدمی تھے۔ پنجابی زبان کے عاشق تھے۔ ایک بار کہنے لگے…’’جب کوئی پنجابی اردو بولتا ہے تو ایسا لگتا ہے جیسے جھوٹ بول رہا ہو۔‘‘

’’خواجہ دل محمد ایم اے، ڈاکٹر تاثیر، عابد علی عابد، حفیظ جالندھری، چراغ حسن حسرت، پروفیسر فیاض محمود، باری علیگ، عبدالمجید سالک اور عبدالمجید بھٹی ان لوگوں کے دم قدم سے عرب ہوٹل میں گہما گہمی رہتی تھی۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ لوگ عرب ہوٹل سے ایک ایک کرکے جدا ہوتے گئے۔ آخر میں صرف چراغ حسن حسرت صاحب اور باری علیگ عرب ہوٹل کی رونقیں بحال کرنے کے لیے رہ گئے۔ حسرت صاحب فوجی اخبار کی ادارت سنبھالنے کے لیے دلّی چلے گئے تو عرب ہوٹل کی وہ گہما گہمی ختم ہو گئی جو لاہور کے ادیبوں، صحافیوں اور دانشوروں کے دم سے قائم تھی۔‘‘

عرب ہوٹل سے میرا رابطہ بھی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا۔ حسرت صاحب چلے گئے تو میں نے بھی عرب ہوٹل میں بیٹھنا چھوڑ دیا۔ پاکستان بنا تو ہم بھی امرتسر کے مسلمانوں کے ساتھ ہجرت کر کے لاہور آ گئے۔ میں نے افسانے لکھنے شروع کر دیے تھے اور لاہور کے ادبی حلقوں میں میرا ایک مقام بن گیا تھا۔ اپنے دوستوں احمد راہی اور عارف عبدالمتین کے ساتھ میں بھی کبھی کبھی عبدالمجید بھٹی صاحب سے ملنے عرب ہوٹل یا ان کی رہائش گاہ پر جاتا۔ بھٹی صاحب کی وضع داری اور مہمان نوازی میں ذرہ برابر فرق نہیں پڑا تھا۔ کبھی وہ ہمیں ساتھ لے کر نیچے عرب ہوٹل میں آ جاتے اور پرانے دنوں کو یاد کرتے جب عرب ہوٹل کی ادبی محفلیں اپنے عروج پر تھیں۔

(اے حمید کے قلم سے)

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں