قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر حارث رؤف کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے گزشتہ شب ڈھولکی ہوئی اور قوالی نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر حارث رؤف کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں ان کی رہائشگاہ کو برقی قمقوں سے سجا دیا گیا ہے۔
حارث رؤف کی شادی کی تقریبات کا آغاز گزشتہ شب ان کی رہائشگاہ پر ڈھولکی اور قوالی نائٹ سے ہوا جس میں رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی اور خوب رونق لگائی۔ قومی کرکٹرز سری لنکا کے خلاف جاری کیمپ میں شرکت کے بعد شادی میں شرکت کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔
اس موقع پر نیلے کرتا پاجامہ میں ملبوس حارث رؤف انتہائی خوش نظر آ رہے تھے جن پر قوالی کے دوران دوست احباب نے خوب پیسے بھی نچھاور کیے جب کہ وہ اپنے بھتیجے کو گود میں بٹھائے قولی سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔ کئی مواقعوں پر انہوں نے قوالوں کے ساتھ سُر سے سُر بھی ملایا۔
حارث رؤف اپنی دلہن لانے کے لیے جمعے کو ڈولی اور بارات لے کر جائیں گے جس میں قومی کرکٹرز بھی شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ حارث رؤف نے 24 دسمبر 2022 کو اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود سے نکاح کیا تھا، نکاح کی اس تقریب میں قومی سابق و موجودہ کرکٹرز نے شرکت کر کے نکاح کی تقریب میں چار چاند لگا دیے تھے۔